لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی مذاکرات منگل کو واشنگٹن میں ہوں گے

لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے اہم مذاکرات منگل کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے جا رہے ہیں، جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ ان مذاکرات میں حزب اللہ کو شامل نہیں کیا جائے گا، جو اس عمل کا ایک حساس پہلو ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ٹرمپ کی سخت فون کال کے بعد اسرائیل لبنان جنگ بندی مذاکرات پر آمادہ
لبنانی ایوان صدر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی رابطہ پہلے ہی ہو چکا ہے، جو واشنگٹن میں تعینات سفیروں کے ذریعے قائم کیا گیا۔
اس رابطے کو حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایک اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزارت خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں جنگ بندی اور مذاکرات کی تاریخ اور فریم ورک پر بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا تھا، جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان بھی ہوا۔












